اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) قومی اسمبلی نے الیکشن ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دے دی ، نااہلی کی مدت پانچ سال تک ہو گی، انتخابات کی تاریخ کےاعلان کا اختیارالیکشن کمیشن کو ہو گا، نواز شریف اور جہانگیر ترین کے الیکشن لڑنےکی راہ ہموار ہوگئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کا بجٹ سیشن اسپیکر راجہ پرویز اشریف کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے متعدد بلز کی طرح ضمنی ایجنڈے کے طور پر الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا بل پیش کیا جسے ایوان نے اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔ بل کی سینیٹ نے منظوری دے دی تھی۔
ترمیم کے تحت کسی بھی عدالت کے فیصلے یا حکم کے نتیجہ میں سزا یافتہ شخص فیصلے کے دن سے 5 سال کے لیے نااہل ہوسکے گا، آئین کے آرٹیکل 62 کی شق ون ایف کے تحت نااہلی کی سزا 5 سال سے زیادہ نہیں ہوگی، آئین میں جس جرم کی سزا کی مدت کا تعین نہیں کیا گیا اس صورت میں نااہلی 5 سال سے زیادہ نہیں ہوگی۔
بل کے تحت الیکشن کی تاریخ اور شیڈول جاری کرنے کا اختیار الیکشن کمیشن کو ہو گا اور الیکشن کمیشن کوانتخابات کی تاریخ میں خود سے ردوبدل کا اختیار بھی گا، الیکشن کی تاریخ دینےسے متعلق صدر سے مشاورت کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔