بیجنگ ( نئی تازہ رپورٹ)امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن چین کے دورے پردارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔ یہ کسی اعلیٰ ترین امریکی عہدے دار کا پانچ سال بعد چین کا پہلا دورہ ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کے دورے کامقصد امریکا چین تعلقات کی بحالی ہے، امریکی وزیر خارجہ چین میں دو روزقیام کریں گے اور اس دوران ان کی چینی حکام سے ملاقات ہو گی۔
امریکی میڈیا کے مطابق رواں سال امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا، چین کی جانب سے تائیوان کے قریب فوجی سرگرمیوں پر امریکا نے خدشات کا اظہار کیا تھا تاہم چین نے اسے اپنا اندرونی معاملہ قرار دے کر مسترد کردیا۔
اپنی روانگی سے قبل امریکی دارالحکومت میں بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ وہ ممالک کے درمیان غلط فہمیوں سے بچنے کے طریقے تلاش کر کے ذمہ داری سے چین کے ساتھ تعلقات کو سنبھالنے کی کوشش کریں گے۔
انٹونی بلنکن نے کہا کہ شدید مسابقت میں مستقل سفارت کاری کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ مقابلہ محاذ آرائی یا لڑائی کی طرف نہ جائے۔