اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) چین سے ایک ارب ڈالرپاکستان کو موصول ہو گئے۔زر مبادلہ کے سرکاری ذخائرپانچ ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے چین سے ایک ارب ڈالر کی رقم کی وصولی کی تصدیق کردی ہے ، پاکستان کے مرکزی بینک کے مطابق چین سے ایک ارب ڈالر کی رقم اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق چین کی جانب سے فراہم کئے گئے ایک ارب ڈالر کمرشل قرضہ ہے، بتایا گیا ہے کہ ایک ارب ڈالر موصول ہونے کے بعد پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 5 ارب ڈالر کی سطح عبور کرگئے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے رواں ہفتے چین کوقرض کی پیشگی ادائیگی کر دی تھی، اب چین نے پاکستان کوپھر سےیہ رقم قرض کے طور پرفراہم کردی ہے۔
قبل ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ ہم نے چین کو جو قرض ادا کیا ہے وہ دوبارہ مل رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ چین کے ساتھ ایک ارب ڈالرپر بات چیت مکمل ہوچکی ہے جب کہ بینک آف چائنا کے ساتھ بھی 30 کروڑ ڈالر کے لئے بات چیت چل رہی ہے، اس کے علاوہ سواپ معاہدے کے تحت بھی چین پاکستان کو مزید ڈالرز فراہم کرے گا۔