کراچی ( نئی تازہ مانیٹرنگ) پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی کے انتخاب میں 173 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔
میئر کیلئے پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن کے درمیان مقابلہ ہوا، شو آف ہینڈ کے ذریعے ووٹ ڈالے گئے۔
نجی ٹی وی نے بتایا کہ غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لیکر میئر کراچی منتخب ہوگئے، جماعت اسلامی کے حافظ نعیم کو 161 ووٹ ملے۔
کراچی آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم کو الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ سٹیشن قرار دیا گیا تھا، جہاں ووٹنگ کیلئے ارکان کی آمد صبح 9 بجے سے جاری رہی اور مختلف اوقات میں 300 سے زائد ارکان کے پولنگ سٹیشن پہنچنے کے بعد آڈیٹوریم کے دروازے بند کر دیئے گئے۔
پی ٹی آئی کے 30 منحرف اراکین نے ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور وہ پولنگ اسٹیشن نہیں پہنچے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے میئر کراچی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب کیلئے پہلے شو آف ہینڈز کرایا گیا، جس کے بعد ووٹ دینے والوں کی گنتی اور اندراج کیا گیا، بعد ازاں حافظ نعیم الرحمان کیلئے ووٹنگ کا یہی مرحلہ مکمل کیا گیا ، غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب کو 173 اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کو 161 ووٹ ملے۔
جماعتِ اسلامی کراچی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان نے آرٹس کونسل کراچی کے سامنے شدید نعرے بازی کی ۔
دونوں جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی سے صورتِ حال کشیدہ ہوگئی،ہاتھا پائی اور پتھرائو بھی ہوا، اس موقع پر وہاں تعینات پولیس کی بھاری نفری نے دونوں جماعتوں کے کارکنان کو پیچھے دھکیل دیا۔
سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں 9 مئی واقعے کے بعد گرفتارپی ٹی آئی ارکان کو ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ سٹیشن لایا گیا۔