اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے “ڈائمنڈ کارڈ” کے نام سے ایک خصوصی پروگرام متعارف کرایا ہے، جس کا اعلان وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بجٹ پیش کرنے کے دوران کیا۔
اس اقدام کے ایک حصے کے طور پر، غیر منقولہ جائیداد کی خریداری پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر عائد دو فیصد حتمی ٹیکس اب لاگو نہیں ہوگا۔
ڈائمنڈ کارڈ پروگرام کے تحت ان افراد کو فارن ایکسچینج کارڈز کی ایک نئی قسم جاری کی جائے گی جو سالانہ 50,000 ڈالرسے زیادہ زرمبادلہ بھیجیں گے۔
ڈائمنڈ کارڈ کے حاملین مختلف فوائد سے لطف اندوز ہوں گے، انہیں ایک غیر ممنوعہ بور کا اسلحہ لائسنس، ایک مفت گریٹس پاسپورٹ فراہم کیا جئے گا جو عام طور پر اہم سرکاری اہلکاروں کو دیا جاتا ہے، ایسے افراد کو سفارت خانوں اور قونصل خانوں تک ترجیحی رسائی دی جائے گی۔
ڈائمنڈ کارڈ ہولڈرز کو پاکستانی ہوائی اڈوں پر فاسٹ ٹریک امیگریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ مزید برآں، اسٹیٹ بینک نے قرعہ اندازی پر مبنی ایک اسکیم شروع کرنے کا ارادہ کیا ہے تاکہ ترسیلات زر والے کارڈ ہولڈرز کو خاطر خواہ انعامات دیے جاسکیں۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنا اور ترسیلات زر کی زیادہ آمد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔