لاہور( نئی تازہ رپورٹ) انسداد دہشتگردی عدالت نے جناح ہاؤس پر حملے اور جلاؤ گھیرا کے مقدمے میں آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل کے لیے 16 ملزمان کو کمانڈنگ افسر کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔
جمعرات کو لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں جناح ہاؤس پر حملے، جلاؤ گھیرا اور توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں کمانڈنگ افسرکی طرف سے آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل کے لیے 16 شرپسندوں کی حوالگی کی استدعا کی گئی۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایس پی کیمپ جیل 16 ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے کمانڈنگ افسر کے حوالے کریں، کمانڈنگ افسر کے مطابق ملزمان آفیشل ایکٹ کے تحت قصور وار پائے گئے ہیں۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ کمانڈنگ افسر کے مطابق ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل ہوسکتا ہے اوراب ملزمان کے خلاف مزید کارروائی آرمی ایکٹ 1952 کے تحت ہوگی۔
عدالت نے کمانڈنگ افسر کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا جسے کچھ دیر بعد سنایا گیا اور کمانڈنگ افسر کی استدعا منظور کرلی گئی۔
عدالت نے سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں اکرم عثمان سمیت 16 ملزمان کو کمانڈنگ آفیسر کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 16 ملزمان میں عمار ذوہیب، علی افتخار، علی رضا، محمد ارسلان، محمد عمیر، محمد رحیم، ضیا الرحمٰن، وقاص علی، ریئس احمد، فیصل ارشد، محمد بلال، فہیم حیدر، ارضم جنید، میاں محمد اکرم عثمان، محمد حاشر خان اور حسن شاکر شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق عدالتی حکم کے بعد توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ملوث 16 ملزمان کو کیمپ جیل سے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔