اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ)سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں قائم آڈیو لیکس کمیشن نے آڈیوز سے منسلک چارافراد کو طلب کرلیا۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ آڈیو لیکس کمیشن نے اہم پیشرفت میں پہلے مرحلے میں چار شخصیات کو 27 مئی کوتحقیقات کے لئے طلب کر لیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ کمیشن نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب، سپریم کورٹ بارکے صدر عابد زبیری، سینئر ایڈووکیٹ طارق رحیم اور آڈیو میں گفتگو کرنے والے صحافی عبدالقیوم صدیقی کو طلب کیا ہے۔
اٹارنی جنرل آفس کو چاروں شخصیات کو جاری نوٹسز کی تعمیل کرانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ، کمیشن کا آئندہ اجلاس 27 مئی کو ہوگا۔
عدلیہ کی اہم شخصیات سے متعلق آڈیو لیکس کے معاملے پر وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا ہے، کمیشن میں بلوچستان ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بطور رکن شامل ہیں۔