لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ نے فیصل آباد اور ننکانہ صاحب کے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 108 اور 118 میں ضمنی انتخابات روکنےکا حکم جاری کر دیا ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی رہنماؤں فرخ حبیب اور اعجاز شاہ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا ۔
لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، سیکرٹری کیبنٹ اور قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دونوں حلقوں میں 28 مئی کو ضمنی الیکشن منعقد کیے جانے تھے قومی اسمبلی کی معیاد ختم ہونے سے 120 دن قبل ضمنی انتخاب نہیں ہوسکتا، الیکشن کمیشن نے این اے 108 میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے، پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں ہونے والے انتخابات کو ملتوی کر دیا ہے، این اے 108 اور 118 میں بھی الیکشن روکنے کا حکم جاری کیا جائے۔
وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک طرف کہتا ہے پنجاب میں الیکشن نہیں کروا سکتے جبکہ دوسری طرف دونوں حلقوں کے لیے فنڈز جاری کرکے ضمنی الیکشن ہونے جارہا ہے۔ قومی اسمبلی کے 2 حلقوں این اے 108 اور 118 میں ضمنی الیکشن روکے جائیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے فرخ حبیب اور اعجاز شاہ کی درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے سیکرٹری الیکشن کمیشن، سیکرٹری کیبنٹ اور قومی اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔