اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) نیب عدالت نے نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل (القادر ٹرسٹ کیس) میں بشریٰ بی بی کی31 مئی تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا۔
بشریٰ بی بی کے وکیل خواجہ حارث منگل کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کے سامنے پیش ہوئے اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی۔
بعد ازاں بشریٰ بی بی اور عمران خان سخت سکیورٹی میں عدالت پہنچے جہاں بشریٰ بی بی کی حاضری لگوائی گئی۔ جج محمد بشیر نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواست منظورکر لی اور انہیں پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔
دوران سماعت وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔ عدالت نے 31 مئی تک ضمانت منظور کرلی اور نیب کوگرفتارے روکتے ہوئے نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کو لاہور ہائی کورٹ سے دی گئی حفاظتی ضمانت آج منگل کوختم ہو رہی تھی، ذرائع کے مطابق لیگل ٹیم نے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ اور بعد ازاں احتساب عدالت ہی میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا جب کہ عمران خان القادر ٹرسٹ کیس میں پہلے سے 31 مئی تک ضمانت پر ہیں۔