لاہور( نئی تازہ رپورٹ) انسداد دہشتگردی کورٹ نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
جمعہ کولاہورکی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے جناح ہاؤس( کور کمانڈر ہائوس) حملہ کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ جب یہ افسوسناک واقعہ ہوا تو درخواست گزار( عمران خان ) گرفتار تھے، 10مئی کو عمران خان نیب کی تحویل میں تھے، جیسے ہی پتا چلا کہ یہ واقعہ ہوا تو عمران خان نے شدید مذمت کی۔
بعد ازاں جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت 3 مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔
عدالت نے 3 مقدمات میں 2جون تک عبوری ضمانت منظورکرتے ہوئے عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا ۔
عدالت نے ہدایت کی کہ عمران خان صاحب! آپ ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرائیں۔ آپ نے تفتیش میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دینی ۔ جس پر عمران خان نے جواب دیا آپ فکر نہ کریں۔
قبل ازیں عمران خان کی جانب سے انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت 3 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواستیں دائر کی گئیں۔
تھانہ سرور روڑ ،تھانہ گلبرگ اور تھانہ شادمان میں درج مقدمات کے سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانتوں کی درخواست دائر کی تھی، اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ پولیس نے بے بنیادمقدمات درج کیے ہیں۔ شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں عبوری ضمانت منظور کی جائے ۔