اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نےتحصیل مند کے علاقے ردیگ میں مند۔پشین ۔بارڈر مارکیٹ اور 100 میگاواٹ گبد-پولان پاور ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح کردیا۔
جمعرات کواففتاح کے موقع پر دونوں رہنمائوں نے مارکیٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور پودا بھی لگایا۔ سرکاری میدیا کے مطابق بارڈر مارکیٹ کےقیام سےدونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی۔ سرحد کے دونوں اطراف کے عوام کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور سمگلنگ کی روک تھام کی جا سکے گی۔ حکومت مزید 5 بارڈر مارکیٹس پربھی کام کر رہی ہے جن کو جلد تجارت کیلئے کھول دیا جائے گا۔
بعدازاں وزیراعظم شہبازشریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے 100 میگاواٹ گبد-پولان بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کا بھی افتتاح کیا۔ گبد-پولان ٹرانسمیشن لائن وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی کی بدولت ریکارڈ مدت میں تعمیر مکمل ہوئی ہے۔ اس ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل سے ایران سے درآمد کی جانے والی سستی بجلی کی مجموعی مقدار 204 میگاواٹ ہو گئی ہے۔132کے وی کی ٹرانسمیشن لائن کو اپ گریڈ کرکے 220 کے وی کردیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ چار ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔
نئی ٹرانسمیشن لائن سے بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں بجلی کی ترسیل میں بہتری آئے گی اور کاروباری سرگرمیوں کے لئے بجلی کی وافر مقدر میسر آئے گی۔ اس منصوبے کی تکمیل سےبلوچستان میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی ممکن ہو گی جس کا وعدہ وزیراعظم شہبازشریف کی طرف سے کیا گیاتھا۔
اففتاح کے موقع پر وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شہبازشریف کے گوادر پہنچنے پر وزیراعلٰی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے ان کا خیرمقدم کیا جس کے بعد وزیراعظم مند ۔پشین۔ بارڈر مارکیٹ کے افتتاح کے لئے تحصیل مند کے علاقے ردیگ پہنچے جہاں پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔