اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) قومی احتساب بیورو ( نیب) راولپنڈی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
رپورٹس کے مطابق نیب راولپنڈی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ایک سوال نامہ بھجوایا ہے جبکہ کیس سے متعلق تمام ریکارڈ اور دستاویزات بھی ہمراہ لانے کو کہا گیا ہے، نیب نے عمران خان کوجمعرات 18 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے،
عدالت نے عمران خان کوضمانت کے ضمن میں نیب کے طلب کرنت پر شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب نیب نے عمران خان کے خلاف درج القادر ٹرسٹ کیس کے نام کے حوالے سے وضاحت جاری کی ہے۔
اس سلسلہ میں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف نیب تحقیقات کو میڈیا میں ’’القادر ٹرسٹ کیس‘‘ کہا جا رہا ہے جو کہ درست نہیں ہے۔
بیان کے مطابق یہ کیس دراصل عمران خان اور دیگر عوامی عہدہ رکھنے والوں کے خلاف اختیارات کے غلط استعمال، غیر قانونی طور پر مالی فوائد کے حصول اور برطانیہ کی نیشنسل کرائم ایجنسی سے موصول شدہ رقم کے معاملہ میں مجرمانہ خلاف ورزی اور اس کے ریکارڈ کو غیر قانونی طور پر سیل کرنے کا ہے جسکی تحقیقات جاری ہیں۔
ملزمان کی جانب سے القادر یونیورسٹی کے لیے زمین کا غیر قانونی حصول اوردِیگر مالی فوائد بھی تحقیقات کا حصہ ہیں۔