لاہور( نئی تازہ رپورٹ) پی آئی اے کا طیارہ شدید بارش کی وجہ سے بھارتی حدود میں پہنچ گیا ۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کی قومی فضائی ایئر لائن پی آئی اے کا طیارہ سعودی عرب کے شہر دمام سے لاہور آرہا تھا کہ طوفانی بارش کی وجہ سے اسے لاہور کی بجائے ملتان کی طرف موڑنا پڑ گیا۔
ملتان کی طرف رخ موڑنے کیلئے پی آئی اے کی پرواز کو بھارتی شہر فیروزپور کی فضائی حدود میں داخل ہونا پڑا جس کی بھارت نے اجازت دیدی۔
پی آئی اے کا طیارہ بھارتی فضائی حدود میں داخلے کے بعد رخ موڑ کر بحفاظت ملتان ائیرپورٹ پر اتر گیا۔ اس دوران طیارے کا عملہ پاکستان اور بھارت کے متعلقہ ایئر ٹریفک کنٹرولز سے رابطے میں رہا۔
یاد رہے کہ گزشتہ جولائی میں شارجہ سے حیدر آباد دکن جانے والی ایک بھارتی پرواز کو فنی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔
بعد ازاں کراچی لینڈنگ کرنے والے بھارتی ایئر لائن ’انڈیگو ایئر لائنز‘ کے طیارے کی مرمت کے لیے بھارت سے ایک اور پرواز انجینیئرز لے کر کراچی ایئر پورٹ پہنچی تھی۔