پاراچنار( نئی تازہ مانیٹرنگ) پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب مسلح افراد کی ایک اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 7 اساتذہ جاں بحق ہو گئے۔
جمعرات کوپولیس کے مطابق مسلح افراد اپر کرم کے علاقہ گورنمنٹ ہائی اسکول تری منگل میں داخل ہوئے اور اسٹاف روم میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق اساتذہ اسکول میں میٹرک کی امتحانی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔
جاں بحق ہونے والوں میں میر حسین ، جواد حسین ، نوید حسین ، جواد علی ، محمد حسین اور علی حسین شامل ہیں۔
ڈی پی او کرم ایجنسی کے مطابق حملے کی وجہ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا ہے۔
ایک الگ واقعہ میں پاراچنار میں چلتی گاڑی پر فائرنگ کرکے ایک ٹیچر کوقتل کر دیا گیا۔ گاڑی پرفائرنگ کرکے قتل کیے گئے استاد کا تعلق بھی تری مینگل ہائی اسکول سے بتایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ٹیچرمحمد شریف کو شلوزان روڈ پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
اساتذہ کے قتل کے بعد کوہاٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری میٹرک کے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔
صدر مملکت عارف علوی نے اپر کرم اور پارا چنار میں اساتذہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علم دشمنوں کی جانب سے اساتذہ پر حملہ قابل مذمت ہے ، امید ہے کہ ملزمان کو جلد قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔