کراچی ( نئی تازہ رپورٹ) صنعتی ایریا میں 2 فیکٹریوں میں آتشزدگی کے بعد دونوں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، ملبے تلے دب کر 4 ریسکیو اہلکار جاں بحق اور13 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق گزشتہ روز نیو کراچی صنعتی ایریا میں 2 فیکٹریوں میں آگ لگ گئی، مسلسل آگ کے نتیجہ میں عمارتیں کمزور ہوگئیں ،بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کولنگ کے عمل کے دوران دونوں عمارتیں گر گئیں۔
بتایا گیا ہے کہ آگ سے متاثرہ ایک فیکٹری تولیہ بنانے کی تھی جبکہ دوسری میں اسپیئر پارٹس تیار کئے جاتے تھے، واقعہ میں 4 ریسکیو اہلکار جاں بحق اور 11 فائر فائٹرز سمیت 13 افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو ٹیموں نے ملبے کے نیچے سے چاروں ریسکیو اہلکاروں کی لاشیں نکال لی ہیں، جاں بحق افرادکی شناخت محسن،افضال،سہیل اور خالد شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے فیکٹری گرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان سے تفصیلات حاصل کیں۔