اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) چیف جسٹس کے اختیارات سے متعلق پارلیمنٹ سے منظورہ کردہ بل کے خلاف دائر درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئیں، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 8 رکنی لارجر بینچ کل جمعرات کو سماعت کرے گا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے لارجر بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس محمد علی مظہر شامل ہیں۔ جسٹس عائشہ ملک، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید بھی بنچ کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے خلاف 4 درخواستیں سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھیں۔ بل کے خلاف درخواستیں ایڈووکیٹ خواجہ طارق رحیم اور دیگر نے دائر کی ہیں۔بل کے تحت از خود نوٹس کا اختیارصرف چیف جسٹس کی بجائے تین رکنی سینئر ججز کی کمیٹی کو حاصل ہو گا۔
واضح رہے کہ 10 اپریل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے صدر کی طرف سے واپس بھجوایا گیا سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل دوبارہ پیش کیا جو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا تھا۔ اس سے کچھ روز پہلے قومی اسمبلی اور سینیٹ نے الگ الگ اس بل کی منظوری دی تھی جو صدر عارف علوی کو منظوری کے لئے بھیجا گیا جسے انہوں نے واپس بھجوا دیا۔
مشترکہ اجلاس سے منظوری کے بعد بل دوبارہ صدر کو بھجوا دیا گیا ہے۔ بل پر دس روز میں صدر کے دستخط نہ ہونے پریہ خود بخود قانون بن جائے گا ۔