اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) سپریم کورٹ اصلاحات بل کی منظوری کے لئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج پیر کو طلب کرلیا گیا۔
قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 منظور کر کے توثیق کیلئے صدر پاکستان کو بھیجا تھا تاہم ہفتہ کو صدر عارف علوی نے دستخط کئے بغیر بل نظر ثانی کیلئے واپس بھیج دیا۔
بل کی منظوری کے لئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس پیر کو طلب کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سینیٹ اور قومی اسمبلی کا مشترکہ اجلاس جو دوپہر 2 بجے ہونا تھا اب سہ پہر4 بجے ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق امور پر مشاورت ہوگی اور الیکشن فنڈز کی فراہمی سے متعلق مؤقف طے کیا جائے گا، مشترکہ اجلاس میں قانونی سازی سے متعلق امور بھی زیر غورلائے جائیں گے۔
مشرکہ اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اجلاس میں غور اور منظوری کے لئے بل پیش کریں گے۔