لاہور( نئی تازہ رپورٹ) رویت ہلال ریسرچ کونسل نےامکان ظاہر کیا ہے کہ عیدالفطر 22 اپریل 2023 بروز ہفتہ ہو گی ۔
نجی ٹی وی نے رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے حوالے سے بتایا کہ شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات 20 اپریل کی شام ہوگا تاہم اس شام عید کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔
خالد اعجاز مفتی کے مطابق چاند کی پیدائش جمعرات 20 اپریل( 29 رمضان المبارک) کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 13 منٹ پر ہوگی۔ اُس شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 10 گھنٹوں سے بھی کم ہو گی۔ جبکہ چاند نظر آنے کے لئے یہ عمر 19 گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے۔
اسی طرح غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق جو 40 منٹ سے زائد ہونا چاہیے، وہ فرق پشاور ، گلگت ، مظفر آباد ، چارسدہ ، اسلام آباد ، راولپنڈی، کوئٹہ اور جیوانی سمیت اکثر علاقوں میں صرف 21 منٹ جبکہ لاہور اور کراچی میں 20 منٹ ہو گا چنانچہ پاکستان کے تمام علاقوں میں مطلع انتہائی صاف ہوا تو بھی 20 اپریل کی شام ٹیلی اسکوپ پر بھی چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔لہذاعید الفطر 30روزے مکمل ہونے کے بعد ہفتہ 22 اپریل 2023ء کو منائی جائے گی۔
سیکریٹری رویت ہلال ریسرچ کونسل نے کہاا کہ 21 اپریل کو 30 رمضان المبارک اورہفتہ 22 اپریل کو یکم شوال ہو گی۔ 20 اپریل کی شام پاکستان کے کسی بھی صوبے یا کسی بھی شہر یا کسی بھی علاقے سے رویتِ ہلال کی موصول ہونے والی کوئی شہادت درست نہیں ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ 21 اپریل کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 33 گھنٹوں سے بھی زائد ہو چُکی ہو گی جبکہ غروبِ شمس و غروبِ قمر کے درمیان فرق پاکستان کے تمام علاقوں میں 80 منٹ سے بھی زائد ہو گا۔ اِس طرح 30ویں روزے کی شب ہلال موٹا اور تا دیر دکھائی دے گا جس پر بعض لوگ کہہ سکتے ہیں کہ یہ یکم نہیں بلکہ دو تاریخ کا ہلال ہے لیکن شرعی اور سائنسی لحاظ سے وہ ہلال یکم ہی کا ہو گا۔