اسلام آباد( نئی تازہ مانیٹرنگ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملکی سیاسی صورتحال کے باعث امریکہ کا اہم دورہ منسوخ کردیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اقتصادی امور ایاز صادق نے دورۂ واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اجلاسوں میں شرکت کرنا تھی، دورہ منسوخ کئے جانے کی وجہ موجودہ ملکی سیاسی صورت حال بتائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اپنے دورے میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکی محکمہ خزانہ کے اعلیٰ حکام سے سائیڈ لائن میٹنگ بھی کرنا تھی۔
دورے میں آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول کے معاہدے کے سلسلہ میں سائیڈ لائن میٹنگ میں اہم معاملات زیر غور لائے جانا تھے۔
وزیر اقتصادی امور ایاز صادق کا دورہ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ کے ہمراہ اقتصادی ٹیم کے دیگر ارکان آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔