مقبوضہ بیت المقدس ( نئی تازہ مانیٹرنگ) اسرائیلی پولیس نے ایک بار پھر مسجد اقصیٰ کے احاطے میں نمازیوں پردھاوا بول دیا۔ پولیس تشدد سے خواتین سمیت 60 سے زائد نمازی زخمی ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی پولیس اہلکاروں نے بدھ کو ایک بار پھر طلوع آفتاب سے پہلے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں درجنوں نمازیوں پر حملہ کر دیا۔پولیس نےمسجد اقصیٰ کا تقدس پامال کرتے ہوئے مسجد کے احاطے میں گھس کر نمازیوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ اسرائیلی پولیس کے تشدد سے خواتین سمیت 60 سے زائد نمازی زخمی ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس نے نہتے نمازیوں پر گرینیڈ پھینکے اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے متعدد نمازیوں کی حالت غیر ہوگئی۔
اسرائیلی پولیس کے مسجد اقصیٰ میں گھسنے کی خبر سنتے ہی سیکڑوں فلسطینی مرد اور خواتین مسجد اقصیٰ پہنچ گئے اور اسرائیلی پولیس کی دہشتگردی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ اسرائیلی پولیس نے متعدد خواتین سمیت متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پولیس نے موقف اپنایا کہ یہ فسادات کا جواب ہے ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی پولیس کے مسجد اقصیٰ کے اندر داخلے پر فلسطینی شہری مشتعل ہو گئے ،سکیورٹی فورسز سے جھڑپوں میں کئی فلسطینی زخمی ہو گئے۔
حماس نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں سے مسجد اقصیٰ پہنچنے کی اپیل کی جس پر فلسطینی خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد مسجد اقصیٰ پہنچ گئی۔
اسرائیلی پولیس کا دعویٰ ہے کہ انہوں یہ اقدام ڈنڈوں اور پتھر اٹھائے مشتعل افراد کے کمپاؤنڈ میں داخل ہونے پر کیا ۔اسرائیل نے غزہ سے کئی راکٹ فائر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے کئی شہروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔