دبئی ( نئی تازہ رپورٹ) تیل برآمد کرنے والے کئی ممالک کی جانب سے پیداوار میں اچانک کمی کے اعلان کے بعد تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
برینٹ خام تیل کی قیمت ایشیا میں 4 ڈالر( 5 فیصد) سے زیادہ اضافے کے بعد 84 ڈالر فی بیرل سے اوپر پہنچ گئی۔یہ اضافہ اس وقت ہوا جب سعودی عرب اور عراق سمیت کئی خلیجی ریاستوں نے اعلان کیا کہ وہ یومیہ پیداوار میں 10 لاکھ بیرل سے زیادہ کی کمی کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق روس کے یوکرین پر حملہ کے بعد تیل کی قیمتیں بڑھ گئی تھیں، لیکن بعد ازاں ان میں کمی دیکھی گئی ۔
تیل پیدا کرنے والے ممالک کی جانب سے پیداوار کم کرنے کے حالیہ فیصلے کا عالمی منڈی پر منفی اثر پڑا ہے۔ اورتیل کی قیمتوں میں 5 سے 6 فیصد تک اضا فہ دیکھا گیا ہے۔
مارکیٹ میں ویسٹ ٹیکساس کی قیمت میں 5.74 فیصد اضافہ کے بعد اس کی قیمت 80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی اسی طرح برینٹ کی قیمت میں 5.67 فیصد اٖضافہ ہوا اور قیمت 84.42 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب سمیت اوپیک پلس ممالک نے تیل کی پیدا وارمیں 11 لاکھ 60 ہزار بیرل یومیہ کمی کا اعلان کیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اوپیک اتحادی ممالک کی طرف سے 1.16 ملین بیرل یومیہ کٹوتی کی جائے گی، اوپیک اتحادی ممالک نے پیداوارمیں کمی کا فیصلہ تیل کی قیمتوں کےعالمی منڈی میں استحکام کی غرض سے کیا ہے۔