لاہور( نئی تازہ رپورٹ) لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں 10کلو سستے آٹے کے تھیلے کی فروخت بند کر دی گئی۔ مختلف پوانٹس پر سستا آٹا 1158 روپے میں 10 کلو گرام فراہم کیا جا رہا تھا۔
نجی ٹی وی نےمحکمہ خوراک پنجاب کے حوالے سے بتایا کہ سستے آٹے کی فروخت میں بے ضابطگی کے شواہد ملے ہیں جس کے باعث سستے آٹے کے تھیلے کی فروخت چند روز کے لیے بند کی گئی ہے۔
محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق بے ضابطگی کی روک تھام کے لیے سستے آٹے کی فروخت وقتی طور پر روکی گئی ہے۔
تاہم ذرائع محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق حکومت مفت آٹے کی تقسیم کے باعث سستے آٹے کی سپلائی بحال نہیں کر سکی۔
سستے آٹے کی فروخت بند ہونے سےعوام کو پریشانی کا سامنا ہے ، شہریوں کے مطابق فری کے بجائے سستا آٹا لے رہے تھے، اب سستا آٹا نہ ملنے کے باعث مہنگے داموں کمرشل آٹا خریدنے پر مجبور ہیں اور سفید پوش لوگ اب مناسب نرخ پر آٹا لے کر روٹی کھانے سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔
ادھر اسلام آباد میں بھی کسی مقام پر سستا آٹا دستیاب نہیں ہے، فلور ملز کا کہنا ہے کہ انہیں سستے آٹے کے لئے سرکاری گندم کا کوٹہ فراہم نہیں کیا جارہا۔