اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) یورپی پارلیمنٹ نے پاکستان کو تجارت کے لحاظ سے ہائی رسک ممالک کی فہرست سے نکالے جانے کے بعد کی فہرست پر عمل کرنے کی منظوری دے دی ہے ،
یورپی کمیشن نے اس حوالے سے تجویز گزشتہ سال دسمبر میں دی تھی جسے اب پارلیمنٹ سے توثیق حاصل ہوگئی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس عمل سے پاکستان سے اپنی مصنوعات یورپی یونین میں فروخت کرنے والے تاجروں اور اداروں کو آسانی ہوگی اور فریقین کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ ممکن ہو گا۔ شدید معاشی مشکلات کا شکار پاکستان کے لئے یہ ایک اچھی خبر ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یونین کے ہائی رسک ممالک کی فہرست سے پاکستان کا نکلنا اہم کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے ملک میں کاروبار کو فروغ ملے گا جب کہ افراد اور اداروں کوسہولیات میسر آئیں گی۔وزیرِا عظم نے کہا کہ یہ کامیابی سے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے مالی ذرائع کے خلاف پاکستان کے عزم کی عکاس ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کی تاجر برادری نے اس فیصلے پر رد عمل میں کہا کہ پاکستانی تاجروں اور کمپنیوں کو اپنی مصنوعات یورپی ممالک میں برآمد کرنے میں مزید آسانی ہوگی اور پاکستان کو اپنی مصنوعات کی فروخت سے زرِ مبادلہ کے ذخائر بڑھانے میں مدد ملے گی جس کی اس وقت ملک کو اشدضرورت ہے۔