نیویارک ( نئی تازہ مانیٹرنگ) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ Donald Trump پر سابق پورن سٹار سٹورمی ڈینیئلز Stormy Daniels کو خاموش رہنے کے لیے رقم کی مبینہ ادائیگی کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ کی تاریخ میں یہ کسی بھی( سابق) صدر کے خلاف پہلی بار مجرمانہ کارروائی پر فرد جرم لگائی گئی ہے۔نیویارک کی گرینڈ جیوری نے سابق تحقیقات کے بعد ریپبلکن رہنما 76 سالہ سابق صدر پر فرد جرم عائد کرنے کے حق میں ووٹ دیا ۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔ ان کے وکیل نے فرد جرم عائد ہونے کی تصدیق کر دی ہے تاہم ابھی تک باضابطہ طور پر فرد جرم عائد کرنے کا اعلان نہیں ہوا۔
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل کے مطابق ان کے موکل نے کوئی جرم نہیں کیا ، ہم عدالت میں مقابلہ کریں گے۔
فرد جرم عائد ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے رد عمل میں کہا ہے کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہ ان الزامات کو نہیں مانتے۔ انہوں نے اس کارروائی کو انتخابی عمل میں مداخلت قرار دیا ۔
مبصرین کے خیال میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف قانونی کارروائی سے ان کی 2024 کی صدارتی مہم بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اگلے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر چکے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر جنوری 2021 میں کیپیٹل ہل ہنگامے میں ان کے کردار کی تحقیقات کے مقدمہ کے علاوہ امریکی ریاست جارجیا میں 2020 کے انتخابات میں اپنی شکست کو جیت میں بدلنے کی کوششیں اورصدارت کا عہدہ چھوڑنے کے بعد خفیہ دستاویزات اپنے پاس رکھنے کے مقدمات بھی شامل ہیں۔