پاکپتن ( نئی تازہ رپورٹ) پولیس نے ضلع پاکپتن میں ماں اور بھائیوںسمیت سات افراد کے قاتل کوساتھی سمیت گرفتار کر لیا ۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس نے ملزمان اسد اور سرور کی خیبر پختونخوا میں روپوش ہونے کی کوشش ناکام بنا دی اور ملزمان کو 24گھنٹوں سے بھی کم وقت میں گرفتار کر لیا ۔
پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ ملزمان کے سہولت کاروں کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔گزشتہ روز پاکپتن کے گاؤں بڑی راکھ میں انتہائی لرزہ خیز واقعہ میں جائیداد کے تنازع پر بیٹے نے ماں ، بھائیوں اور بھابھی بچوں سمیت سات افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا ۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ملزمان نے سحری کے وقت بھائی کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے ماں ، بھابھی اوراس کے تین بچوں کو قتل کردیا، فائرنگ سے ایک سات سالہ بچی شدید زخمی ہوئی ۔ملزمان نے دو بھائیوں کو کھیت میں جا کر فائرنگ کرکے قتل کیا ، قتل ہونے والوں میں ماں ، بھائی شیر باز اور افتخار اسکی بیوی ، دو بیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جائیداد تنازع پر ایک ہی خاندان کے سات افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کی تھی ۔آئی جی پنجاب نے ڈی پی او پاکپتن کو قاتل کی جلد از جلد گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کا بھی حکم دیا تھا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ سفاک ملزم اور اسکے ساتھیوں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لا کرقرار واقعی سزا دلوائی جائے گی اور مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔