اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) سابق گورنرپنجاب چوہدری سرور کو مسلم لیگ ق نے پنجاب کا صدرمقرر کردیا ۔ مرکزی چیف آرگنائز کی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئیں ۔
اتوار کومسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی زیرصدارت پارٹی کی جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں صوبائی کونسل نے چوہدری محمد سرور کوپنجاب کاصدر منتخب کیا۔
صوبائی کونسل نے چوہدری شافع حسین کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا، چوہدری سرور اور چوہدری شافع حسین بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ اجلاس کے دوران چوہدری سرور کو پارٹی کے مرکزی چیف آرگنائزر کی ذمہ داریاں بھی سونپی گئیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین مرکزی سنئیرنائب صدر اور مصطفیٰ ملک مرکزی سیکرٹری اطلاعات منتخب ہوئے۔مرکزی جنرل کونسل نے 150 ارکین سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا بھی انتخاب کیا۔
اس موقع پر چوہدری شجاعت نے کہا کہ سیاسی سفر کے 50 سال میں اتنے پیچیدہ حالات نہیں دیکھے، سیاستدان جلتی آگ پر پانی ڈالیں، ملک جلاؤگھیراؤ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔مسلم لیگ (ق) کے سربراہ نے کہا کہ حکومت نیشنل ڈائیلاگ شروع کرے، میں ناراض قومی رہنماؤں کے پاس جانے کو تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہنگاموں، دھرنوں سے قوم پریشان ہے، ڈپریشن اور مایوسی بڑھ رہی ہے، مسائل کا حل سیاست دانوں کے پاس ہے، تمام قوتیںکو مل کرپاکستان کاسو چنا چاہئے۔
اس موقع پر چوہدری سرور نے کہا کہ مسلم لیگ کے بھرپور اعتماد پر چوہدری شجاعت حسین اورپوری جماعت کاشکرگزار ہوں، سب مل کر مسلم لیگ کو متبادل سیاسی قوت بنائیں گے، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ کلیدی کامیابی حاصل کرےگی، 5 برسوں میں ملک کا قرضہ اتاریں گے۔
گزشتہ دنوں سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ق) میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔