لاہور ( نئی تازہ سپورٹس ڈیسک) لاہور قلندرزفائنل میچ میں ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے کر پی ایس ایل 8 کی چیمپیئن بن گئی۔
ہفتہ کوقذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 8 کے فائنل میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز اسکور کیے۔لاہورقلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق 65 رنز بنا کرٹاپ سکورر رہے۔ فخر زمان 39 اور مرزا طاہر بیگ 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 15 گیندوں پر تیز رفتار 44 رنز بنا ئے اور ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر نے 3 جبکہ انور علی، احسان اللہ اور خوشدل شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ملتان سلطانز نے 201 رنز کے ہدف کے لئے کھیلتے ہوئے8 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے ۔
سلطانز کی طرف سے رلی روسو نے 52، کپتان محمد رضوان نے 34،ٹم دیوڈ 20، پولارڈ نے 19 ، خوشدل نے 25 رنز بنائے، جبکہ عباس آفریدی 17 رنز کے ساتھ ناٹ آئؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی طرف سے کپتان شاہین آفردی نے 4 ، راشد خان نے 2 ، اورڈیوڈ ویسی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ لاہو قلندرز نے ٹائٹل کا دفاع کرتے ہوئے پی ایس ایل 8 کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔