بیجنگ ( نئی تازہ رپورٹ) چین China کے صدرشی جن پنگ Xi Jinping آئندہ ہفتے روس Russia کے تین روزہ اہم دورے پر روانہ ہوں گے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق صدر شی جن پنگ 20 سے 22 مارچ تک روس کا دورہ کریں گے۔ یہ فروری 2022 میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد چینی صدر کا روس کا پہلا دورہ ہوگا۔
چین کے صدر نے ستمبر 2022 میں روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ازبکستان کے شہر سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی تھی۔چینی وزارت خارجہ کے مطابق صدر شی جن پنگ روسی صدر کی دعوت پر وہاں جا رہے ہیں۔
روسی حکام کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان چین اور روس کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ اس دورے کے دوران اہم معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے، تاہم اس حوالے سے کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
مبصرین کے مطابق چینی صدر کا دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب چین نے یوکرین اور روس کے درمیان جنگ بندی اور مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ بحیرہ اسود میں امریکی جنگی ڈرون کے تباہ ہونے کے بعد امریکا اور روس کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے، اس لئے چینی صدر کا دورہ اہم قرار دیا جا رہا ہے۔