لاہور( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی صدر عارف علوی کے ساتھ مبینہ گفتگو کی آڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔
مبینہ آڈیو میں یاسمین راشد زمان پارک کے معاملہ پر کہہ رہی ہیں کہ سر یہاں پر صورت حال پر بہت خراب ہے، ہمارے ورکرز نے پیٹرول بم پھینکنا شروع کردیے ہیں، اس سے پہلے کہ خون خرابہ ہو، میرا خیال ہے آپ کو کسی سے بات کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر عارف علوی جواب میں کہتے ہیں کہ میں نے بات کر لی ہے۔یاسمین راشد نے کہا کہ آپ ان سے کہہ دیں کہ میں بات کر لیتا ہوں عمران خان سے جس پر صدر عارف علوی کہتے ہیں میں سمجھا نہیں آپ کیا کہہ رہی ہیں۔
یاسمین راشد کہتی سنی گئیں کہ دیکھیں کچھ مر جائیں گے، صورت حال اتنی بری ہو جائے گی کہ الیکشن ملتوی ہو جائیں گے، کچھ پولیس والے مر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے آپ خان صاحب کو کہیں کہ give in ( گرفتاری دے دیں)، باقی آپ کی مرضی۔
یاسمین راشد نے مبینہ آڈیو میں کہا کہ ابھی رینجرز وہاں پر ہے، پیٹرول بم چل رہے ہیں، ان کی واٹر کینن کو آگ لگ گئی ہے، میں تو جان بوجھ کر باہر ہوں۔
آڈیو میں صدر عارف علوی کہتے ہیں کہ میں اسد عمر سے بات کرتا ہوں۔ یاسمین راشد نے کہا کہ آپ شاہ صاحب (شاہ محمود قریشی) سے بھی بات کر لیں وہ خان صاحب کے ساتھ ہیں۔ اسد عمر اور میں باہر ہیں۔