لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے لیے جاری پولیس آپریشن کل جمعرات کی صبح 10 بجے تک روکنے کا حکم دے دیا۔
لاہو رہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے بدھ کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے لیے جاری زمان پارک آپریشن کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ پیٹرول بم سے ہماری گاڑیاں جلادی گئیں، پی ایس ایل کی سیکیورٹی کو دیکھنا ضروری تھا، رینجرز کی گاڑیوں پر پٹرول گرایا گیا، انہوں نے کہا کہ ساری گرین بیلٹ خراب کردی، سرکاری چیزیں بربادکردیں، آئی جی نے کہا کہ عدالت وارنٹ ختم کردیتی ہم واپس آجاتے، جنہوں نےخرابی کی ہے انہیں پکڑنا ہے ہمارے پاس ویڈیوز موجود ہیں، ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔
آئی جی کے مؤقف پر عدالت نے کہا کہ اس پرکیاکہیں گےکہ اگر ہم اس آپریشن کو ابھی وقتی طورپرروک دیں کیونکہ اسلام آباد میں بھی درخواست ہے، اس پر آئی جی نے جواب دیا کہ سر ہم نے بندے پکڑنے ہیں جنہوں نے املاک کو نقصان پہنچایا۔
جسٹس طارق سلیم نے کہا کہ مجھے شہر میں امن چاہیے، آپ ابھی اپنا آپریشن روک دیں،شہر میں پی ایس ایل بھی ہورہا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے عمران خان کی گرفتاری کے لیے زمان پارک لاہور میں جاری آپریشن صبح 10 بجے تک روکنے کا حکم د یتے ہوئے کہا کہ صبح 10 بجے آجائیں پی ایس ایل بھی ہو جائے گا اور اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ بھی آجائے گا۔عدالت نے پولیس کو مال کینال پل، دھرمپورہ پل اورٹھنڈی سڑک پر 500 میٹر دور رہنے کی اجازت دی ہے۔