لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کو ہونے والے انتخابات کیلئے پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن سمیت متعدد سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لئے کاغزات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 14 مارچ مقرر کی ہے۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے ملتان کے حلقہ پی پی 217، فواد چودھری نے دینہ جہلم کے حلقہ پی پی 25 اور 26 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک محمد احمد خان نے قصور کے حلقہ پی پی 177 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔
ملتان کے 13 صوبائی حلقوں کے لئے متعدد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے، پی پی 211 سے جماعت اسلامی کے رائے محمد سلیم کھرل، پی پی 213 میں پی ٹی آئی رہنما وسیم خان بادوزئی اور ڈاکٹر روبینہ اختر، پی پی 214 میں پیپلز پارٹی کے ملک رضوان ہانس نے کاغذات جمع کروائے۔
ملتان کے حلقہ پی پی 215 کے لئے مسلم لیگ (ن) کے عامر منظور اور بابر شاہ، پی پی 216 سے ن لیگ کے ہی شیخ عمران ارشد اور جماعت اسلامی کے آصف علی راجپوت، پی پی 217 میں پی ٹی آئی کے زین حسین قریشی اور ساجد اسماعیل نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ۔
خان پور کے حلقہ پی پی 258 میں صرف ایک امیدوار احمد فراز بلوچ نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ آج کاغذات جمع کرانے کا آخری دن ہے، لیاقت پور حلقہ پی پی 256 میں بھی ایک ہی امیدوار محمد مبین ضامن نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، اٹک کے حلقہ پی پی 3 سے تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر سید یاور بخاری کےکاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے گئے۔
دنیا پور کے حلقہ پی پی 224 سے پی ٹی آئی کے پیر عامر اقبال قریشی سمیت 3 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہوئے، وہاڑی کے حلقہ پی پی 233 سے مسلم لیگ ن کے میاں ثاقب خورشیدکے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے گئے، سانگلہ ہل کے حلقہ پی پی 131 سے مسلم لیگ (ن) کے میاں اعجاز بھٹی اور ملک محمد اعظم نے جبکہ حلقہ پی پی 132 سے مسلم لیگ (ن) کے رانا محمد ارشد اور میاں عاطف کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے گئے۔