لاہور( نئی تازہ رپورٹ) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ، سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز لندن سے واپس پاکستان پہنچ گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حمزہ شہباز رات گئے وطن واپس پہنچے ، بعد ازاں وہ سخت سکیورٹی میں ایئرپورٹ سے اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن روانہ ہوگئے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پنجاب میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے حمزہ شہباز کو پارٹی کی جانب سے اہم ذمہ داری سونپی جائے گی، وہ سیاسی سرگرمیوں میں بھرپورطریقے سے شرکت کریں گے جبکہ وہ ٹکٹوں کی تقسیم اور دیگر معاملات سے متعلق پارلیمانی بورڈ کے اجلاسوں میں بھی شریک ہوں گے۔
یاد رہے کہ حمزہ شہباز تین ماہ قبل دسمبر2022 میں نجی دورے پر بیرون ملک گئےتھے ،انہوں نے لندن اور امریکہ میں اپنے اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارا۔ وہ اپنی بیٹی اور والدہ کی صحت اور علاج کے سلسلہ میں بھی مصروف رہے جبکہ پارٹی قائد میاں نواز شریف سے بھی اہم امور پرمشاورت کی۔
وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹنے کے بعد حمزہ شہباز کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر کیاگیا تھا۔ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد نگران وزیر اعلیٰ کی تعیناتی کے معاملہ پر انہوں نے بیرن ملک سے ہی مشاورتی عمل میں حصہ لیا تھا۔