لاہور ( نئی تازہ رپورٹ ) پنجاب کی نگراں صوبائی حکومت نے طلبا و طالبات کو میٹرو ٹرین اور میٹرو بس میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صوبائی کابینہ کا9واں اجلاس نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس سروس پر سفر کرنے والے طلبا کو ریلیف دینے پر غورکیا گیا۔
نگراں صوبائی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ یونیفارم میں طلبا و طالبات کو اورنج لائن میٹروٹرین اور میٹروبس پرمفت سفرکی سہولت میسر ہوگی۔
اجلاس میں خلاف ضابطہ56کمپنیوں کونمک کی کان کنی کیلئےجاری لائسنس منسوخ کرنے کافیصلہ کیا گیا ، لائسنس منسوخی کیلئےقواعد وضوابط کےمطابق کارروائی شروع کرنیکی منظوری دی گئی ہے، لائسنس منسوخی بارےتمام قواعدوضوابط کو مکمل کرنےکیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی،اجلاس کو بتایا گیا کہ خلاف ضابطہ لائسنس جاری کرکےقومی خزانےکواربوں کانقصان پہنچایاگیا۔
اجلاس کے دوران محسن نقوی نے سرکاری دفاتر میں بجلی کےاستعمال شدہ یونٹس میں کمی لانےکی ہدایت کی۔ اس موقر پر پنجاب پروٹیکٹڈ ایریاز ایکٹ 2020 کے تحت 7 نیشنل پارکس کی توثیق کی گئی۔