کابل ( نئی تازہ رپورٹ) مزارشریف میں دھماکے کے نتیجے میں طالبان حکومت کے اہم رہنما اور گورنر مولوی محمد داؤد مزمل جاں بحق ہوگئے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق افغان صوبہ بلخ کے صدر مقام مزار شریف میں گورنر آفس کی بلڈنگ کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ، جس کے نتیجے میں بلخ کے گورنر مولوی محمد داؤد مزمل سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
ترجمان پولیس محمد آصف وزیری نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا گورنر آفس کی دوسری منزل میں ہوا۔
محمد آصف وزیری کے مطابق دھماکے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ۔ پولیس تفتیش کر رہی ہے اور صورت حال واضح ہونے پر مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ مولوی محمد داؤد مزمل کا شمار طالبان کے اہم رہنمائوں میں ہوتا تھا ، وہ ننگرہار کے نائب وزیر داخلہ اور گورنر کے طور پر بھی ذمہ داریاں سرا نجام دیتے رہے ہیں۔