کراچی ( نئی تازہ رپورٹ) سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں 16 مارچ کو قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن روک دیے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں 16 مارچ کو کراچی میں قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ہونے والا ضمنی الیکشن روکنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ یہ نشستیں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔
پی ٹی آئی ارکان نے اسپیکر اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا جس پر لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے ارکان کے استعفے منظور اور الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی نوٹیفائی کرنے کے فیصلے کو معطل کر دیا تھا۔
اسی حوالے سے پی ٹی آئی کی طرف سے 16 مارچ کو کراچی کے 9 حلقوں میں ہونے والا ضمنی الیکشن رکوانے کے لیے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس پر عدالت نے 21 مارچ کے نوٹسز جاری کیے تھے۔ تاہم ان نوٹسز کے اجرا کے بعد پی ٹی آئی نے دوبارہ عدالت سے رجوع کر کے موقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن 16 مارچ کو شیڈول ہیں اور نوٹس 21 مارچ کا کیا گیا ہے۔ ان نشستوں پرالیکشن ہونے سے قومی پیسے کا ضیاع ہوگا جس پر منگل کو اس پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے سماعت کی۔
عدالت نے پی ٹی آئی وکلا کے دلائل سننے کے بعد 16 مارچ کو ہونے والا ضمنی الیکشن روکنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 25 مارچ تک ملتوی کردی۔