راولپنڈی ( نئی تازہ سپورٹس ڈیسک ) پی ایس ایل 8 کے دلچسپ مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کے خلاف 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 22 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 165 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے مارٹن گپٹل نے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، وہ 86 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے ۔ کپتان سرفراز احمد 29 اور محمد نواز 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کراچی کنگز کی جانب سے تبریز شمسی نے 2 جبکہ عامر یامین، محمد موسیٰ اور جیمز فلر نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔سرفراز کو عامر یامین نے رن آئوٹ کیا۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔کراچی کنگز کے ایڈم روزنگٹن 69 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کپتان عماد وسیم 30 اور عامر یامین 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ کی جانب سے نسیم شاہ اور ایمل خان نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نواز اور نوین الحق نے ایک،ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔