راولپنڈی ( نئی تازہ سپورٹس ڈیسک) پی ایس ایل 8 کے 21 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے بہترین آل راؤنڈ کھیل پیش کرتے ہوئے دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کرگلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز یاسر خان اور ول سمیڈ نے کیا تاہم ول سمیڈ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، یاسر خان بھی 5 رن پر وکٹ گنوا کر پویلین لوٹ گئے ، کپتان سرفراز احمد ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف تین رنز بنا کو آئوٹ ہو گئے۔
افتخار احمد بھی 17 کے مجموعی سکور پر صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، چار وکٹیں جلد گرنے کے بعد محمد نواز اور نجیب اللہ زادران کے درمیان 104 رنز کی شراکت ہوئی، محمد نواز 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔جبکہ نجیب اللہ نے سب سے زیادہ 59 رنز بنائے۔عمر اکمل نے صرف 14 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور تیزی سے آگے بڑھایا اور ناٹ آئوٹ رہے۔ کوئٹۃ کی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ اسلام آباد کی طرف سے فضل حق فاروقی نے 3 ،فہیم نے دو جبکہ رئیس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کا آغاز بھی اچھا نہ رہا اور پہلی ہی گیند پر رحمان اللہ گرباز ایل بی ڈبلیو ہو گئے لیکن کولن منرو نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 29 گیندوں پر 63 رنز کی برقرفتار اننگز کھیلی۔ایک موقع پر اسلام آباد کے 6 کھلاڑی 111 ر نز پر آئوٹ چکے تھے لیکن اس کے بعد اعظم خان اور فہیم اشرف نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا ۔ 169 کے مجموعی سکور پر اعظم خان 35 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ فہیم اشرف نے39 رنز بنا کر ناٹ ائوٹ رہے۔اسلام آباد نے مقررہ ہدف 19.3 اوورز میں حاصل کر لیا اور 8 وکٹوں کے نقصان پر183 رنز بنا کر کامیابی حاصل کی۔ شاداب خان 8، مبصرخان 5، اعظم خان 35، آصف علی 6، اور حسن علی ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ رحمٰن اللہ گرباز بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔ فہیم اشرف 39 اوررومان رئیس بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
گلیڈی ایٹرز کے عمید آصف نے تین، محمد نواز نے دو، جبکہ نسیم شاہ، افتحار اور نوین نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔