لاہور/ اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس کی ٹیم اتوار کو زمان پارک لاہور پہنچ گئی۔ عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کا امکان ہے،عمران خان کو مکمل قانونی تقاضے پورے کر کے گرفتار کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ عمران خان زمان پارک میں موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس ایس پی کی قیادت میں لاہور پہنچی جس کے بعد لاہور پولیس کی معاونت میں زمان پارک پہنچ گئی۔
اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کی ٹیم کا کہنا ہےکہ ہم عدالت کے حکم سے زمان پارک آئے ہیں،عمران خان توشہ خانہ کیس میں عدالت پیش نہیں ہوئے۔ میدیا رپورٹ کے مطابقاسلام آباد پولیس کو عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر جانے سے روکا جا رہا ہے جب کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو زمان پارک پہنچنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔اس معاملے پر نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ اسلام آباد پولیس عدالتی حکم پر عمران خان کو گرفتار کرنے آئی ہے ۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ عدالتی احکامات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کےلیے اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پہنچی ہے۔ پنجاب حکومت اسلام آباد پولیس کی آئین اور قانون کے مطابق معاونت کرے گی۔لاہور پولیس کے تعاون سے تمام کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کی تکمیل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسلام آباد پولیس اپنی حفاظت میں عمران خان کو اسلام آباد منتقل کرے گی۔ ترجمان نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے۔