لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) ہائی کورٹ کے حکم پر مختلف جیلوں میں نظر بند پاکستان تحریک انصاف کے 83 رہنمائوں اورکارکنان کو رہا کر دیا گیا۔. رہائی پانے والوں میںشاہ محمود قریشی، اسدعمر، زلفی بخاری اور دیگر شامل ہیں۔
گزشتہ روزلاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک میں گرفتار ہونے والے رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔جسٹس طارق سلیم شیخ نے فواد چوہدری کی درخواست پرحکم جاری کیا تھا۔ عدالت نے شاہ محمود قریشی، اسدعمر سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کی نظربندی کے احکامات معطل کر تے ہوئے پنجاب حکومت سمیت فریقین سے 7 مارچ کو جواب بھی طلب کیا ہے۔
جیل بھرو تحریک میں گرفتاری کے بعد لاہور سے اسد عمر سمیت 24 کارکنان جبکہ سرگودھا سے 59 کارکنان کو ڈسٹرکٹ جیل راجن پور منتقل کیا گیا تھا۔ادھر سر گودھا شاہ پور کی جیل سے تحریک انصاف کے ذلفی بخاری اور فیاض الحسن چوہان کو بھی رہا کر دیا گیا جبکہ صداقت عباسی،اعجاز خان جازی،لطافت عباسی سمیت دیگر کو بھی رہا ئی مل گئی۔ عمر سرفراز چیمہ اورسینیٹر ولید اقبال بھی جیل سے رہا کر دیئے گئے۔