لاہور ( نئی تازہ رپورٹ ) نیب نے فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے ہیں۔جبکہ سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور ان کے اہل خانہ کے نام پر لگژری گاڑیوں کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا ہے ۔
قومی احتساب بیورو کے ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں فرح گوگی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کیے گئے ہیں۔نیب ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں نوٹسز کے باوجود شامل تفتیش نہ ہونے پر فرح گوگی کے وارنٹ حاصل کیے گئے ہیں جب کہ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے فرح گوگی کے خلاف منی لانڈرنگ کے بھی ثبوت حاصل کرلیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے تحقیقات کے دوران فرح گوگی کے نام پر اربوں روپےکے بینک اکاؤنٹس کاانکشاف ہوا ہے ، فرح گوگی کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے پاکستان لا یا جائے گا۔
دوسری جانب نیب نے سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور ان کے اہل خانہ کے نام پر لگژری گاڑیوں کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔نیب ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی فیملی کے 10 افراد کے نام پر لگژری گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں جن کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔ نیب نےمحکمہ ایکسائز سے عثمان بزدار اور خاندان کے افراد کے نام پر گاڑیوں کا ریکارڈ طلب کیا ہے ، عثمان بزدار کی فیملی کے نام پر گاڑیوں کی خریداری اور ٹرانسفر سمیت تمام معلومات مانگی گئی ہیں۔