لاہور ( نئی تازہ سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ 8 میں لاہور قلندرز نےفتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 17 رنز سے شکست دے دی۔کوئٹہ کی ٹیم عمدہ بائولنگ کے بعد 149 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 18 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 149 رنز کے ہدف کےتعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنا سکی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ول شمیڈ 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان سرفراز احمد 27 اور عمید آصف 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔مارٹن گپٹل 15، یاسر خان 14 اور اوڈین اسمتھ 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے 3، راشد خان نے 2 اور ڈیوڈ ویزے نے 1 وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹا س جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی، کوئٹہ کی شاندار بائولنگ کے باعث لاہور قلندرز کی ٹیم 19.2 اوورز میں 148 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے سکندر رضا صرف 34 گیندوں پر 71 رنز کی جارحانہ اننگ کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ راشد خان 21، کپتان شاہین شاہ آفریدی 16 اور عبداللہ شفیق 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز اور نوین الحق نے دو،دو جبکہ نسیم شاہ، اوڈین اسمتھ اور عمید آصف نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔لاہور کے تین کھلاڑی فخر زمان، شاہین آفریدی اور زمان خان رن آئوٹ ہوئے۔