راولپنڈی ( نئی تازہ سپورٹس ڈیسک ) پی ایس ایل کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 24 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن حاصل کرلی۔ابتدا میں مشکلات کا شکار ہونے کے باوجود زلمی نے ٹام کوہلر، حسیب اللہ اور رومین کی نصف سنچریوں کی بدولت کنگز کو مشکل ہدف دے کر کامیابی سے دفاع کیا۔سب سے زیادہ سات میچ کھیل کر پانچ میں ناکام رہنے والی کراچی کی ٹیم پانچویں پوزیشن پر ہے.۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 8 کے 17 ویں میچ میں 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔
کراچی کنگز کی جانب سے کپتان عماد وسیم 57 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ میتھیو ویڈ 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ایڈم راسنگٹن نے 15 جبکہ بین کٹنگ نے بھی 15 رنز بنائے۔پشاور زلمی کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی اور عامر جمال نے ،تین ، تین جبکہ مجیب الرحمان نے اور وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی، زلمی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز اسکور کیے۔پشاور زلمی کی جانب سے روومن پاول 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ حسیب اللہ 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ٹام کوہلر-کیڈمور 56 اور عامر جمال 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
صائم ایوب 1 جبکہ کپتان بابر اعظم اور محمد حارث بغیر کوئی رن بنائےآؤٹ ہوئے۔کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر نے چار ، تبریز شمسی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ روومن پاول کو64 رنز کی عمدہ بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔