اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) اسلام آباد کی قائد اعظم یونیورسٹی میں طلبا کے دو لسانی گروہوں میں تصادم کے بعد انتظامیہ نے تاحکم ثانی تدریسی عمل روک کر ہوسٹلز خالی کروانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی میں تصادم کے باعث رینجرز تعیناتی کے لیے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ دیا۔
قائد اعظم یونیورسٹی کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ طلبہ گروپس میں تصادم کے بعد امن و امان کی غیر یقینی صورت حال کے پیش نظر قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد تاحکم ثانی بند رہے گی۔ نوٹیفکیشن میں ہوسٹلز میں رہنے والے طلبہ کو ہوسٹلز خالی کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔
قائداعظم یونیورسٹی میں طلباء تنظیموں کے تصادم کے باعث وائس چانسلر نے رینجرز تعیناتی کے لیے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا ہے۔ قائم مقام وائس چانسلر کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ امن و امان قائم ہونے تک رینجرز تعینات کی جائے، یونیورسٹی میں آؤٹ سائیڈرز اور شدت پسندوں کو نکالنا ہے۔