اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید نے ترکیہ سے آنے والی کشتی کےحادثے میں متعدد پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ کسی پاکستانی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
پاکستانی سفیر نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کا شکار کشتی میں 20 پاکستانی سوار تھے جن میں سے 16 کو بچالیا گیا اور چار لاپتہ ہیں۔ فی الحال حادثے میں کسی پاکستانی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔ جبکہ چار لاپتہ پاکستانیوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔
اس سے قبل اطلاعات آئی تھیں کہ تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ میں 28 پاکستا نی جاں بحق ہوگئے ہیں۔ سفیر علی جاوید نے بتایا کہ جس مقام پر حادثہ پیش آیا وہ روم کے پاکستانی سفارت خانے سے نو گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی سفارت خانے کے فرسٹ سیکریٹری جائے حادثہ پر پہنچے اور بچائے جانے والے 16 پاکستانیوں سے ملاقات کی۔ ان کی حالت خطرے سے باہرہے۔ ان پاکستانیوں کا تعلق مالاکنڈ ، حافظ آباد گجرات اور دیگر علاقوں سے ہے۔