لاہور( نئی تازہ سپورٹس ڈیسک) پی ایس ایل 8 کے 15ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 40 رنز سے شکست دے دی۔
قذافی اسٹیڈیم میں لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو جیت کےلیے 242 رنز کا بڑا ہدف دیا ، تاہم پشاور زلمی کی ٹیم 9 وکٹوں پر 201 رنز بنا سکی۔پشاورزلمی کے ٹام کوہلر کیڈمور 55 اور صائم ایوب 51 رنز بنا کر نمایاں رہے ، راجا پکسے 24، رومین پاول 20 اور جیمز نیشم نے 12 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 40 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، زمان خان نے 2، حارث رؤف اور راشد خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
اس سے پہلے لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ لاہور قلندرز نے جارحانہ بیٹنگ کر کے شائقین سے ہوم گرائونڈ پر خوب داد سمیٹی ۔ فخر زمان 96اور عبداللّٰہ شفیق 75 رنز کی تیز رفتار اننگزکے ساتھ نمایاں رہے دونوں بلے بازوں کی تیز بیٹنگ کی مدد سےٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے۔ فخر زمان نے 10 جبکہ عباللہ نے 5 چھکے لگائے ۔پشاور زلمی کی طرف سے وہاب ریاض نے 2 اور روومین پاول نے ایک وکٹ حاصل کی۔