کوئٹہ ( نئی تازہ رپورٹ) بلوچستان کے ضلع بارکھان کے رکنی بازار میں اتوار کو بم دھماکے کے نتیجہ میں تین افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسہ کے مطابق دھماکے میں دو بچیوں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے ، بم دھماکے سے ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔تحصیل دار رکنی محمد سلیم نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے بتایا کہ بم ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ واقعے میں سات سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
اسسٹنٹ کمشنر بارکھان خادم بھنگر کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں عام شہری شامل ہیں۔رپورٹس کے مطابق دھماکہ اتوار کی صبح 10 بجے کے کے قریب ہوا، دھماکے سے دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائی شروع کردی۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے رکھنی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔
میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بے گناہ اور معصوم لوگوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں، دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے بدامنی پیدا کر رہے ہیں۔ ملک دشمن عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف مزید موثر حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے بعد سیکیورٹی پلان کا ازسر نو جائزہ لیا جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
صدر ممکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیر اعظم شہباز شریف ،وزیر خارجہ، گورنر سندھ اور دیگرسیاسی رہنمائوں نے بھی دھماکے کی مذمت کی ہے۔