راجن پور ( نئی تازہ رپورٹ) راجن پور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد گنتی جاری ہے۔ یہ نشست سردار جعفر لغاری کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔مختلف پولنگ اسٹیشنز سے نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ ابتدائی نتائج میں پی ٹی آئی کے محسن لغاری کو دیگر امیدواروں پو برتری حاصل ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پولینگ کے لئے اتوار 26 فروری کی تاریخ مقرر کی گئی ۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوارالیکشن کے لئے میدان میں ہیں۔ پی ٹی آئی کے محسن لغاری، مسلم لیگ(ن) کے عمار اویس لغاری، پیپلز پارٹی کے اختر حسن گور چانی سمیت دیگر امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 193 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔شام پانچ بجے تک پولنگ اسٹیشن کے اندر پہنچ جانے والے ووٹرز کو ووٹ دینے کی اجازت ہوگی۔
راجن پور کے حلقہ این اے 193 کی یہ نشست پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے سردار جعفر لغاری کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ اس سے قبل پنجاب حکومت کی طرف سے این اے 193 کا ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔پنجاب حکومت کا موقف تھا کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ضمنی الیکشن ملتوی کیا جائے تاہم الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی یہ درخواست مسترد کردی تھی۔