لاہور ( نئی تازہ مانیٹرنگ) پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے آغاز پر پارٹی رہنمائوں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، اعظم سواتی سمیت کئی رہنما خود پولیس وین میں جا کر بیٹھ گئےگ۔بدھ کی سہ پہرلاہور میں کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) آفس پر پی ٹی آئی کےکئی رہنما اور کارکن قیدیوں کی گاڑی میں سوار ہوگئے اور قیدیوں کی وین کی چھت پرچڑھ گئے۔خودگرفتاری دینے والوں میں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر، عمر سرفراز چیمہ، اعظم سواتی اور دیگررہنما شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ہم نے ان رہنمائوں کوگرفتارنہیں کیا، یہ خود ہی قیدیوں کی وین میں آکربیٹھ گئے، ہمیں حکومت کی جانب سے گرفتاری کا کوئی حکم موصول نہیں ہوا ۔پولیس نے اہلکاروں سمیت سب کا داخلہ سی سی پی او آفس میں روک دیا جس کے بعد پی ٹی آئی کارکن سی سی پی او آفس کےسامنے سڑک پر لیٹ گئے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں نے پولیس سے گرفتار کرنےکا مطالبہ کیا۔ کارکن وین میں چڑھ کر سیلفیاں بناتے رہے، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی گرفتاری دینے والے رہنماؤں کی تصویر جاری کی گئی ہے۔عد ازاں تحریک انصاف کے متعدد کارکن پولیس وین سے اتر گئے اور سی سی پی او آفس سے واپس چیئرنگ کراس کی طرف روانہ ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کی تیاری کرلی ہے اور انہیں 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا جائے گا۔