اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ ) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف ایل این جی کیس میں عدم پیشی پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
منگل کوشاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کے خلاف ایل این جی ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔دوران سماعت سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی عدالت میں پیش نہیں ہوئے،عدم پیشی پر احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ایل این جی ریفرنس میں شریک ملزمہ عظمیٰ عادل کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں۔احتساب عدالت نے سماعت مزید کارروائی کے لیے 14مارچ تک ملتوی کردی ہے۔ عدالت نے ملزمان کی عدم حاضری پراور استثنیٰ کی درخواست دائر نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے ۔
بعد میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے وکیل ظفر اللہ کی جانب سے احتساب عدالت میں وارنٹ منسوخ کرنےکی درخواست دائر کی گئی جو احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید نے قبول کرلی۔عدالت نے شاہد خاقان عباسی اور عظمیٰ عادل کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔