اسلام آباد(نئی تازہ رپورٹ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ا لیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، عمران خان کی ٹائیگر فورس نہیں بننے دیں گے۔ صدر عارف علوی کی وفاداری آئین سے ہونی چاہئے۔ پیر کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال کر غیر آئینی طور پر الیکشن کی تاریخ لینے کی کوشش ہو رہی ہے، ا لیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے، اسے عمران خان کی ٹائیگر فورس نہیں بننے دیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ صدر نے آئین شکنی کی تو آرٹیکل چھ کا سامنا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی کی وفاداری آئین سے ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ عارف علوی قومی اسمبلی تحلیل کرکے پہلے ہی بظاہر آئین شکنی کر چکے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سپریم کورٹ کی تشریح کے مطابق صدر کا عہدہ علامتی ہے، سپریم کورٹ کے مطابق کسی ایک سیاسی جماعت کے ساتھ ساز باز صدر کے منصب اور حلف کی خلاف ورزی ہے۔